تیز رفتارٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق
کراچی(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام)شہر قائد میں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔کراچی میں دندناتے بے لگام ڈمپرز، ٹرالے اور ٹینکرز کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔ تازہ واقعہ لانڈھی کے علاقے اسپتال چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا۔حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ کاشان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی نوجوان 19 سالہ جواد ہے۔ٹینکر کی ٹکر سے پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرالر کے ڈرئیور سلیمان خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی گارڈن کے علاقے رامسوامی میں ایک ڈمپر سے ٹکر کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی چار ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔