شجاع آباد دریائے چناب میں سیلاب کے پیشِ نظر محکمہ لائیو اسٹاک ہائی الرٹ
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی) شجاع آباد دریائے چناب میں آنے والے حالیہ تباہ کن سیلاب کے خطرات کے پیش نظر محکمہ لائیو اسٹاک نے تحصیل شجاع آباد کے بیٹ علاقے میں ہنگامی اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ سپر بند پر قائم کیے گئے چھ فلڈ ریلیف کیمپس میں گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول خانپور قاضیاں، طاہرپور، ماڑھا، یونین کونسل گردیز پور، بگڑیں اور جلالپور کھاکھی شامل ہیں، جبکہ ایک موبائل ویٹرنری ڈسپنسری بھی ہمہ وقت ہائی الرٹ پر موجود ہے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر طارق بودلہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپس پر محکمہ کا عملہ ہمہ وقت مستعدی سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ سیلاب کے پیشِ نظر جانوروں کو وبائی اور متعدی بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ویکسینیشن اور بوسٹر ٹیکہ جات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق پری فلڈ ویکسینیشن کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جا چکا تھا، اب کسی بھی ممکنہ وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر طارق بودلہ نے مزید کہا کہ دریائے چناب کو اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، تاہم محکمہ لائیو اسٹاک نے بھرپور تیاری کے ساتھ ہنگامی اقدامات یقینی بنائے ہیں۔ ریلیف کیمپس میں تمام اقسام کی ویٹرنری ادویات کثیر تعداد میں موجود ہیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر جانوروں کو ونڈا، بھوسہ اور سائلج مہیا کیا جا رہا ہے اب تک 18 ہزار سے زائد جانوروں کی ویکسینیشن جبکہ 2 ہزار سے زائد جانوروں کا علاج معالجہ کیا جا چکا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد متاثرہ مال مویشیوں کی خوراک کے لیے محکمہ زراعت کے تعاون سے سبز چارہ اور ونڈا بھی فراہم کیا جائے گا۔ یہ انتظامات پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے بروقت نمٹا جا سکے مزید برآں موبائل ویٹرنری ڈسپنسری بیٹ کے علاقوں میں عوام کو مسلسل آگاہ کر رہی ہے کہ پانی کی شدت کے باعث رہائشی اپنے گھروں کو فوری طور پر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے محکمہ لائیو اسٹاک تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے#