کرائمز

بڑا کریک ڈائون، 77 لاکھ سے زائد کی منشیات برآمد

لاہور (نامہ نگار) ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف بڑے کریک ڈائون کے دوران 77 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 3کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 2ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 77لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 33.62کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔پہلی کارروائی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کی گئی، جہاں جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران کپڑوں میں جذب کی گئی 14.912کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔ اے این ایف حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔دوسری کارروائی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے کارگو شیڈ میں عمل میں لائی گئی، جہاں فلپائن جانے والے ایک پارسل کی جانچ پڑتال کے دوران کپڑوں میں جذب کی گئی 13.350کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ اے این ایف حکام کے مطابق یہ منشیات بیرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی، تاہم خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے نتیجے میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔تیسری کارروائی ترنول ٹول پلازہ راولپنڈی کے قریب کی گئی، جہاں مسافر خاتون کے قبضے سے 4.800کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ حکام کے مطابق خاتون منشیات ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل کرنے کی کوشش کر رہی تھی، جسے بروقت کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ تمام کارروائیوں میں برآمد ہونے والی منشیات قبضے میں لے لی گئی ہیں اور ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button