کاہنہ،سرویکل کینسر سے بچاؤکے لئے ویکسی نیشن مہم
کاہنہ (نامہ نگار) سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے قومی ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ میں کر دیا گیا۔ مہم کے تحت 9 سے 14 سال کی تمام بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ مہم پنجاب بھر میں *15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر ہیلتھ شاہد ندیم نے ہسپتال کا دورہ کیا اور مہم کے لیے قائم مخصوص ڈیسک کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ویکسینیشن کے عمل، رجسٹریشن اور عوامی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کا بغور جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ان کے ہمراہ ہیڈ آف کیمپس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ محمد اقبال بھی موجود تھے جنہوں نے مہم کے انتظامات اور عملے کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔شاہد ندیم نے کہا کہ”عوامی صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔ سرویکل کینسر ایک مہلک مرض ہے مگر بروقت ویکسینیشن کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی یہ مہم بچیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے نہایت اہم قدم ہے۔
والدین اپنی بچیوں کو لازمی ویکسین لگوائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔”انہوں نے مزید کہا کہ کاہنہ ہسپتال انتظامیہ نے ویکسینیشن مہم کے لیے جو بہترین انتظامات اور عوامی سہولتیں فراہم کی ہیں وہ قابلِ تقلید ہیں، اور ان خدمات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جانا چاہیے تاکہ دیگر ادارے بھی اس سے رہنمائی حاصل کریں۔