انرولمنٹ سمیت تمام معاملات کو پیپر لیس کردیا گیا ‘ پنجاب بار کونسل
لاہور( کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیع اللہ ناگرہ نے کہا ہے کہ پنجاب بار کونسل میں انرولمنٹ سمیت تمام معاملات کو پیپر لیس کردیا گیا ہے ،پنجاب بار کونسل میں احتساب کا کڑا نظام ہے سائلین کی درخواستوں پر فیصلہ کرتے ہوئے متعدد وکلاء کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج اور لائسنس معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مختلف بارز کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئر مین رولز کمیٹی پنجاب بار کونسل آصف شہزادچودھری ، چودھری آصف لکھن،چودھری مشتاق ،فرخ عارف بھٹی،اسد محمود عباسی،بشارت اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور ذبیع اللہ ناگرہ نے کہا کہ پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ بارز میں موجود کینٹینوں کا معیار بہتر کرنے کیلئے سخت احکامات جاری کئے ہیں ، کھانے پینے کی ناقص اور غیر معیاری اشیاء فراہم کرنے والی کینٹینوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کرا کے قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔خواتین وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیںجس کے لیے آصف شہزاد چودھری کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کا ادارہ قانون کی حکمرانی اور احتساب کاسب سے بڑا علمبردار ہے ،وکلا ء کے خلاف آنے والی سائلین کی درخواستوں کو فوری زیر غور لایا جاتا ہے ، حالیہ اجلاس میں متعدد وکلا ء کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج اور ان کے لائسنس معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔