وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام علی پور میں کھلی کچہری کا انعقاد
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام علی پور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے بجلی، گیس، نادرا، پاسپورٹ، پاکستان بیت المال اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت مختلف وفاقی اداروں کے مسائل پیش کیے۔ تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری کی سربراہی وفاقی محتسب ملتان کے اسسٹنٹ رجسٹرار محمود خان مہے نے کی۔ شہریوں کی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیے گئے۔ محمود خان مہے کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہری کو وفاقی اداروں سے خدمات حاصل کرنے میں مشکلات یا غیر ضروری تاخیر کا سامنا ہو تو وہ براہِ راست وفاقی محتسب کے دفتر سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ کھلی کچہریوں کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ علی پور کی سیلاب متاثرہ تحصیل کا ذکر کرتے ہوئے محمود خان مہے نے ہدایت کی کہ متاثرین کے شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات ترجیحی بنیادوں پر بحال کیے جائیں۔ کھلی کچہری میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے، جن کے حل کے لیے فوری اقدامات کے احکامات دیے گئے۔ وفاقی اداروں کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور ہر ممکن تعاون یقینی بنائیں۔