پولیٹیکل اینڈ کرنٹ افئیرز

استاد قوم کا معمار…….!!(تحریر: ساجد حسین ہنجرا )

5 اکتوبر کو دنیا بھر میں ’’عالمی یومِ اساتذہ‘‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن محض ایک رسم یا روایتی تقریب نہیں بلکہ ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ قوموں کی تعمیر میں استاد کا کردار کس قدر اہم ہے۔ استاد ایک چراغ کی مانند ہے جو خود جل کر دوسروں کے راستے روشن کرتا ہے۔ معاشرے میں اگر کسی کو حقیقی معنوں میں رہبر و راہنما کہا جا سکتا ہے تو وہ استاد ہی ہے، جس کے بغیر ترقی اور کامیابی کا کوئی تصور ممکن نہیں۔

ہمارے دینِ اسلام نے بھی استاد کو بلند مقام عطا کیا ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ’’مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے‘‘۔ اس سے بڑھ کر اور کیا عظمت ہو سکتی ہے کہ پیغمبر انسانیت ﷺ نے اپنی بعثت کے مقصد کو تعلیم و تربیت قرار دیا۔ اساتذہ ہی ہیں جو آنے والی نسلوں کی شخصیت سازی کرتے ہیں، خوابوں کو تعبیر بخشتے ہیں اور معاشرے کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم کی روشنی سے آراستہ کرتے ہیں۔

بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں استاد کے مقام اور عزت کو وہ درجہ نہیں دیا جاتا جس کے وہ حقیقی معنوں میں مستحق ہیں۔ استاد کے احترام کے بغیر کوئی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی۔ ترقی یافتہ ممالک میں استاد کو سب سے زیادہ معتبر اور معزز مقام حاصل ہے، وہاں معاشرتی اور حکومتی سطح پر استاد کو سہولیات اور عزت دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ قومیں آج دنیا کی قیادت کر رہی ہیں۔

آج جب ہم عالمی یومِ اساتذہ منا رہے ہیں تو ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ استاد کو عزت اور وقار دینا صرف تقریروں اور جلسوں تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں۔ اساتذہ کے مسائل حل ہوں، ان کی تربیتِ نو کے مواقع فراہم کیے جائیں اور تعلیمی نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے۔

یقین جانیے! جب تک ایک استاد کلاس روم میں کھڑا ہو کر ایمان داری سے اپنے فرائض انجام دیتا رہے گا، اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ استاد ہی وہ معمار ہے جو اینٹ اینٹ جوڑ کر ایک ایسی عمارت کھڑی کرتا ہے جس کا نام ’’قوم‘‘ ہے۔

اساتذہ کی خدمات کو سلام!
ان کی عظمت کو سلام!

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button