علاقائی خبریں

بلال اکبر خان کی پاک ویلز آٹو شو 2025 میں شرکت

لاہور(آئی این پی)لاہور میں پاک ویلز آٹو شو 2025 کا رنگا رنگ آغاز ہوا، جس میں ملک بھر سے آئے ہزاروں کار پریمیوں نے شرکت کی۔ ایونٹ میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور جدید ماڈلز کی گاڑیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ایونٹ کے روحِ رواں سنیل منج کی جانب سے الیکٹرک اور پیٹرول گاڑیوں کی شاندار نمائش کی گئی، جن میں لیمبورگینی، پورش 911، آڈی ای-ٹرون، اور نسان جی آر سمیت دیگر عالمی معیار کی گاڑیاں شامل تھیں۔ آٹو شو میں فیملیز، نوجوانوں اور طلبائ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے لاہور ایک بار پھر پاکستانی کار کلچر کا حقیقی مرکز بن گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ لاہور آٹو شو پاکستانی کار کلچر کا حقیقی مظہر ہے۔ ہماری پاکستانی پروڈکٹس کسی سے کم نہیں جبکہ ہر گاڑی اپنی کہانی خود بیان کر رہی ہے۔ انہوں نے پاک ویلز انتظامیہ کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس سے نوجوانوں کو مثبت تفریح کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی اور انوویشن کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ آٹو شو میں فیملیز کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اس طرح کے ایونٹس کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔ نوجوانوں کے لیے بہت جلد آفیشل ٹریک ریس کا انتظام بھی کیا جائے گا تاکہ وہ محفوظ ماحول میں اپنی صلاحیتیں دکھا سکیں۔ایونٹ کے منتظم سنیل منج نے کہا کہ اس آٹو شو کا مقصد پاکستان میں مثبت آٹوموٹیو کلچر کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں انوویشن کا جذبہ بیدار کرنا ہے۔ جدید الیکٹرک گاڑیوں کی موجودگی نے اس ایونٹ کو ماحولیاتی اعتبار سے بھی نمایاں بنا دیا ہے۔شرکاء نے ایونٹ کو نہایت متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹو شو نے پاکستان میں موٹر اسپورٹس، انوویشن اور ماحولیاتی آگاہی کو ایک ساتھ جوڑ دیا ہے جبکہ نوجوانوں کی جانب سے جدید کار ماڈلز کے ساتھ سیلفیز لینے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا رجحان بھی نمایاں رہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button