ریلوے ٹریک پر نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ریلوے ملازم شہید
ڈیرہ مراد جمالی ( کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے ٹریک پر نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ریلوے ملازم شہید جبکہ ٹریک اورپلر کو نقصان پہنچا،دھماکے کے بعد پشاور اور کراچی سے آنے والی ٹرینوں کو جیکب آباد اور جعفرآباد میں روک دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سٹی پولیس تھانہ کی حدود میں پٹ فیڈرکے پل سے گزرنے والے ٹریک پر نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو زورداردھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ریلوے ملازمین امداد کھوکھر شہید ہوگیا دھماکے سے ریلوے ٹریک اورپلر کو نقصان پہنچا ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے جعفرایکسپریس کو نشانہ بنانے کیلئے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو ٹرین گزرنے سے پہلے زورداردھماکے سے پھٹ گیا ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی نصیرآباد اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکہ کے بعد پشاور اور کراچی سے آنے والی ٹرینوں کو جیکب آباد اور جعفرآباد میں روک لیا گیا۔ دھماکے کے بعد ریلوے کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور دھماکے سے متاثر ہونے والے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا ۔پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔