قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹا فن کاوفد کے ہمراہ پی سی ایم اے کا دورہ
لاہور(آئی این پی)قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹا فن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی تعلقات ، مختلف نوعیت کی رکاوٹوں اور بالخصوص ہاتھ سے بنے قالینوں کی قازقستان کو برآمدات کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیاگیا ۔چیئرمین میاں عتیق الرحمان ،پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،وائس چیئرمین ریاض احمد، سینئر رہنما سعید خان ، احمد عرفان ،فیصل سعید خان اوردیگر نے قازقستان کے سفیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا ایسوسی ایشن کے دفتر آمد پر پرتپاک استقبال کیا ۔قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافن نے دورے کی دعوت دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تجارتی تعلقات کے فروغ میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوںنے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو تجارتی مواقعوں کی تلاش کے لئے قازقستان کا دورہ کرنا چاہیے جس کےلئے انہیں ویزوں کی فراہمی میں آسانی سمیت دیگر معاملات میں ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان نے قازقستان کے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان براہ راست فلائٹس چلائی جائیں تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات کو سفر ی سہولیات میسر آئیں ،پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی ڈیوٹی فری برآمدات کے لئے ایم او یو سائن کیا جائے اور سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کےلئے تعاون فراہم کیا جائے ۔ وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہاکہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتی ہیں۔ا نہوںنے قازقستان کے سفیر کو رواںسال اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔ قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافن نے وفد کے ہمراہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے مختلف مراحل بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے قازقستان کے سفیرکو ہاتھ سے بنے قالین کا خوبصورت تحفہ بھی پیش کیا گیا ۔