ملاوٹ مافیابے لگام /فوڈ اتھارٹی نے خاموشی اختیار کر لی
ڈسکہ( میاں طارق) ڈسکہ و گردو نواح میں مضر صحت اشیا استعمال کرنے سے شہریوں میں مہلک بیماریاں پھیلنے لگیں، فوڈ اتھارٹی سمیت دیگرمتعلقہ اداروں نے ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیوں کی بجائے خاموشی اختیار کر لی موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی ڈسکہ شہر و گردو نواح میں جعلی چائے کی پتی،ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی کھلے عام فروخت میں اضافہ ہو گیا۔ مضر صحت اشیا استعمال کرنے سے شہریوں میں مہلک بیماریاں پھیلنے لگیں۔ فوڈ اتھارٹی و دیگر متعلقہ سرکاری اداروں نے ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیوں کی بجائے خاموشی اختیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق فوڈ اتھارٹی ودیگر اداروں کی غفلت سے ڈسکہ شہر میں سالوں سے ملاوٹ شدہ مرچوں اور ہلدی کی فروخت جاری ہے مگر اب موسم سرما کی شدت آتے ہی دودھ دہی، چائے کی پتی، چینی، گڑ ،گھی وغیرہ میں بھی ملاوٹ کا مکروہ دھندہ تیز کر دیا گیا ہے۔ گھی، کوکنگ آئل میں مبینہ طور پرمردہ جانوروں کے گوشت، چربی کی آمیزش کے علاوہ دودھ دہی میں ارا روڈ اور سنگھاڑے کا پاؤڈر اور کیمیکلز ملائے جارہے ہیں جبکہ چائے کی پتی میں مہلک زہر آلو درنگ، لکڑی کا برادہ بورہ ملایا جارہا ہے، اداروں کی غفلت سے مکروہ دھندہ جاری ہے۔ ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش استعمال کرنے سے شہریوں کی بڑی تعداد بیماریوں کا شکار ہورہی ہے۔