چوک سرورشہید شہر میں قائم غیر قانونی ایجنسیوں کے خلاف آپریشن
چوک سرورشہید (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی پی او مظفرگڑ ھ کے حکم پر تھانہ سٹی چوک سرورشہید کے ایس ایچ او کا چوک سرورشہید شہر میں قائم غیر قانونی ایجنسیوں کے خلاف آپریشن، تمام ڈیزل پٹرول ایجنسیوں کے مالکان تالے لگا کر فرار، شہر میں پٹرول ڈیزل کی قلت پیدا ہوگئی شہری پریشان، آئندہ کسی نے ایجنسی کھولی تو مقدمات قائم ہونگے ایس ایچ او شاہد شاہ، تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی چوک سرورشہید کے قائم مقام ایس ایچ او شاہد شاہ نے گزشتہ روز غیر قانونی ڈیزل پٹرول ایجنسیوں کے خلاف آپریشن کیا۔ اور بہت سے ڈیزل پٹرول ایجنسی مالکان کو حراست میں بھی لیا چاروں روڈز پر قائم پٹرول ایجنسی یونٹ مالکا ن تالے لگا کر فرا ر ہوگئے، ایس ایچ او شاہد شاہ کا کہنا تھا کہ ڈی پی او مظفرگڑھ کے حکم پر یہ آپریشن کیا جارہا ہے آج تو وارننگ دیکر چھوڑ دیا گیا ہے آئندہ اگر کسی نے شہر میں پٹرول ڈیزل کا کاروبار کیا تو اس کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوگا۔ یہ پٹرول ڈیزل ایجنسیاں عوام کی جانوں کے لئے خطرہ ہیں کیونکہ یہاں کوئی حفاظتی اقدامات نہ ہیں۔ شاہد شاہ نے کہا کہ جب تک میں یہاں تعینات ہوں کوئی پٹرول ایجنسی نہیں چلنے دونگا۔ پٹرول ایجنسیوں کی اچانک بند ش پر شہر میں پٹرول و ڈیزل کی قلت پیدا ہوگئی اورشہری حیران و پریشان نظر آئے۔