کرائمز

خودکشی کی روک تھام کے لئے محکمہ حقوق سندھ کا اہم اقدام

کراچی(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس حکومتِ سندھ نے وزیراعلی کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق راج ویر سنگھ سوڈھا کی ہدایت اور وژن کے تحت غلام عباس کھوسو کو خودکشی کی روک تھام کے منصوبے (Suicide Prevention Initiative – SPI) کے لیے فوکل پرسن رضاکارانہ بنیادوں پر مقرر کیا ہے۔یہ تقرری حکومتِ سندھ کی بڑھتی ہوئی تشویش کو ظاہر کرتی ہے جو خاص طور پر صحرائی پٹی کے اضلاع تھر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ اور دادو میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے ہے۔غلام عباس کھوسو کو کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سماجی رابطہ کاری، جامع انسانی امدادی اقدامات اور انسانی حقوق کی وکالت میں اٹھارہ سال سے زائد کا پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے اور وہ قومی و بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔فوکل پرسن کے طور پر وہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس اور متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کار کا کردار ادا کریں گے تاکہ خودکشی کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے پروگراموں کو فروغ دیا جا سکے۔ وہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ اشتراک میں SMHA میپنگ کے حوالے سے خطرے سے دوچار کمیونٹیوں کی نشاندہی، جانچ اور معاونت میں کردار ادا کریں گے۔اس کے علاوہ وہ آگاہی سیشنز، مشاورتی روابط، اور کمیونٹی ڈائیلاگز کو فروغ دے کر بدنامی (stigma) کو کم کرنے اور ذہنی صحت کے فروغ کے لیے کام کریں گے نیز تجزیاتی اور پیش رفت رپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو پالیسی سازی کے لیے فراہم کریں گے۔اس موقع پر وزیراعلی کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق راج ویر سنگھ سوڈھا نے کہا کہ انسانی زندگی مقدس ہے اور ذہنی صحت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔حکومتِ سندھ خودکشی کے اسباب کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے جامع کمیونٹی شمولیت اور ہمدردانہ، انسانی حقوق پر مبنی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ یہ اقدام گاں اور دیہات کی سطح پر امید، آگاہی، اور ادارہ جاتی مدد کے فروغ کی جانب ایک قدم ہے۔ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس آغا فخر حسین نے غلام عباس کھوسو کی رضاکارانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ اور عزم حکومت کے جاری اقدامات کو مزید مضبوط بنائے گا تاکہ سندھ بھر میں سماجی فلاح اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button