چھ ماہ میں ساڑھے تین لاکھ پاکستانیوں کی بیرونِ ملک ہجرت
شجاع آباد(اظہرتاج قریشی )چھ ماہ میں ساڑھے تین لاکھ پاکستانیوں کی بیرونِ ملک ہجرت، ملک احسن لوہاچ کا اظہار تشویش ڈاکٹرز اور نرسز کی بڑی تعداد کا ملک چھوڑنا پاکستان کے مستقبل اور صحت نظام کیلئے الارمنگ ہے
تفصیلات کے مطابق ضلعی صدر بہاولپور اپنی پارٹی پاکستان ملک محمد احسن لوہاچ نے معروف بین الاقوامی ادارے "گلف نیوز” کے سروے پر ردِعمل دیتے ہوئے ایک اہم اور تفصیلی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ صرف چھ ماہ کے دوران ساڑھے تین لاکھ پاکستانیوں کا ملک چھوڑ دینا لمحہ فکریہ ہے، جو ریاستی اداروں اور پالیسیوں پر عوام کے بڑھتے ہوئے عدم اعتماد کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ اس اعداد و شمار میں افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ہجرت کرنے والوں میں بڑی تعداد ڈاکٹرز، نرسز، انجینئرز اور دیگر ہنر مند افراد کی ہے جو نہ صرف پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں احسن لوہاچ نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں، پروفیشنلز اور تعلیم یافتہ طبقے کو اگر باعزت روزگار، انصاف، تحفظ، اور ترقی کے مواقع میسر نہ آئے تو وہ مجبوراً ملک چھوڑنے پر مجبور ہوں گے انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبے پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہیں، اگر یہ برین ڈرین اسی رفتار سے جاری رہا تو آنے والے دنوں میں پاکستان کو شدید قومی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی پاکستان مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کو قومی ایمرجنسی قرار دے کر پالیسی ریفارمز کی جائیں، ہنر مند اور پروفیشنل طبقے کو عزت دی جائے، روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں اور بیرونِ ملک جانے کی بجائے ملک میں بہتر مستقبل کی ضمانت دی جائے احسن لوہاچ نے کہا کہ ہمارا منشور ہنر مند پاکستان، تعلیم یافتہ قیادت، شفاف نظام اور بااختیار نوجوان ہے اور ہم ملک سے برین ڈرین روکنے کیلئے ہر ممکن آواز بلند کرتے رہیں گے۔