کرائمز

ون ڈش پالیسی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی

مکو آ نہ (نامہ نگار )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں ون ڈش کی پابندی اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شادیوں، تقریبات، قوالی نائٹس اور دیگر سماجی پروگراموں میں بلند آہنگ میوزک اور غیر قانونی لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ میرج ہالز کے ساتھ ساتھ فارم ہاؤسز اور مختلف گراؤنڈز میں بھی لاؤڈ اسپیکر کی پابندی پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اعلیٰ حکام کو بتایا گیا کہ اکثر فارم ہاؤسز میں مقررہ حدود سے زیادہ آواز میں میوزک چلایا جاتا ہے، جو نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کیلئے شدید پریشانی کا باعث بھی بنتا ہے۔ اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئیں کہ متعلقہ مقامات پر فوری معائنہ، مانیٹرنگ اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ون ڈش کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالز، فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں ون ڈش پالیسی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں فضول اخراجات کا خاتمہ ضروری ہے، اور اس پالیسی کا مقصد عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانا ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے افسران کو ہدایت کی کہ شادی ہالز کے مقررہ اوقات کار کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور وقت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جہاں ون ڈش یا لاؤڈ اسپیکر کی خلاف ورزی ہوگی، وہاں کسی بھی سرکاری افسر کی شادی میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کی عملداری اولین ترجیح ہے اور عوام کے آرام و امن میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ کارروائیاں فوری اور مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button