کرائمز

کنڈا ہٹاو مہم کے دوران پرتشدد حملے کی شدید مذمت

کراچی (نامہ نگار) کے۔ الیکٹرک (KE) نارتھ کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں کنڈا ہٹا مہم کے دوران اپنی فیلڈ ٹیم پر ہونے والے پرتشدد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ٹیم غیر قانونی کنکشنز ہٹانے میں مصروف تھی جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور قانون کے مطابق بل ادا کرنے والے صارفین کی بجلی کی فراہمی میں خلل کا باعث بنتے ہیں۔آپریشن کے دوران ایک مشتعل ہجوم نے کے۔ الیکٹرک کے عملے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک ملازم شدید زخمی ہوا جبکہ کچھ سازوسامان کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی ٹیم ممبر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی جا چکی ہے اور کے۔ الیکٹرک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کے لیے رابطے میں ہے۔خمیسو گوٹھ میں غیر قانونی کنکشنز ایک مسلسل اور سنگین چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ متاثرہ فیڈر پر نقصانات کی شرح اس وقت 40 فیصد ہے، جو سالانہ تقریبا 34 لاکھ یونٹس کے برابر بنتی ہے۔ ہفتہ وار کنڈا ہٹا مہمات کے باوجود یہ غیر قانونی کنکشنز تیزی سے دوبارہ نمودار ہو جاتے ہیں، جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقل حل کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہر کی انتظامیہ کی مزید مضبوط اور مثر حمایت ناگزیر ہے۔واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کے۔ الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے کہا، "ہم اپنی ٹیموں کے خلاف تشدد کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں، جو مشکل حالات میں کراچی کے صارفین کو محفوظ اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹاف کے خلاف تشدد نہ صرف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ بل ادا کرنے والے صارفین کے لیے ضروری خدمات میں بھی خلل پیدا کرتا ہے۔”اس نوعیت کے حملے مقامی فالٹس کی درستی اور بجلی کی بحالی جیسے اہم آپریشنز میں رکاوٹ بنتے ہیں، جس سے نہ صرف فیلڈ اسٹاف بلکہ عوام اور کمیونٹیز کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ کے۔ الیکٹرک بجلی چوری کے خلاف کارروائی، وصولیوں میں بہتری اور کمیونٹی آگاہی مہمات کے ذریعے صارفین سے روابط مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ادارے کے ملازمین کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button