ترنول، 5 ملزمان گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد
اسلام آباد(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کی اسلحہ سے پاک شہر مہم تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت تھانہ ترنول پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ترنول پولیس ٹیم نے ولی خان، عامر خان، اقبال خان، محمد عمار اور عبدالخالق کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پانچ عدد آٹو میٹک مشین گنز، ایک ریپیٹر گن، دس عدد مختلف بور کے پستول بمعہ ایمونیشن اور بلٹ پروف جیکٹ برآمد کر لی۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ غیر قانونی اسلحے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے لائسنس یافتہ اسلحے کو فوری طور پر متعلقہ تھانوں میں رجسٹر کروائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن پکار-15 یا قریبی تھانے کو دیں۔