سیالکوٹ :ندی نالوں اور دریاؤں میں شدید طغیانی پیدا ہوگئی
سیالکوٹ ( روبی طارق) مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں شدید طغیانی پیدا ہوگئی ہے، جبکہ شہر کی متعدد سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر گاڑیاں بند ہونے کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آچکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، فیصل شہزاد کی ہدایت پر سیالکوٹ پولیس کے افسران و جوان پوری طرح الرٹ ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ شہریوں کی حفاظت اور ان کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کے اقدامات میں ہمہ وقت مصروفِ عمل ہیں۔
نشیبی علاقوں کے رہائشی حضرات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔ شہری حضرات غیر ضروری سفر سے گریز کریں کیونکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے اور اندھیرا پھیلنے کے باعث سفر خطرناک ہو سکتا ہے۔
نالوں، پلوں اور بیراجوں کے قریب جانے سے سختی سے پرہیز کیا جائے۔ پولیس کی بھاری نفری ان مقامات پر موجود ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت، رہنمائی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے افسران و جوان پوری جانفشانی کے ساتھ پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے، ٹریفک کو رواں رکھنے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت دینے میں مصروف ہے۔
مشکل وقت میں شہری ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع 15 پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔
سیالکوٹ پولیس آپ کی خدمت اور حفاظت کے لیے ہر وقت موجود ہے۔