سرفراز بگٹی کا رات گئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ
کوئٹہ (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رات گئے شہر کے مختلف حساس مقامات اور پولیس چوکیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی پر مامور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک اور زرک خان مندوخیل بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے مختلف پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا، ان سے درپیش مسائل دریافت کیے اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ہر قسم کی دہشت گردی اور بے امنی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔