18 ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات، اسلحہ برآمد کر لیا، پولیس
اسلام آباد (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران قانون شکنی کے مرتکب 18 ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کر لیں۔ایک پولیس اہلکار نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ رمنا، شالیمار، نون، شمس کالونی، کورال اور لوہی بھیر تھانوں کی پولیس ٹیموں نے ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2405 گرام چرس، 179 گرام آئس، 21 بوتل شراب، 12 نشہ آور گولیاں، چار پستول اور ایک رائفل سمیت گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے جس کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔اہلکار نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرموں اور مفروروں کی گرفتاری کے لیے شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران اسلام آباد پولیس ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں سے مزید 8 ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان کو برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں کے تحت کی گئیں۔اہلکار نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی عوامی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔