پولیس اہلکار نے چھاپے کی ویڈیو بنانے پر نوجوان کو گولی ماردی
لیہ (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) پولیس اہلکار نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے چھاپے کی ویڈیو بنانے پر نوجوان کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر لیہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار کی جانب سے ایک گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، اس واقعے سے متعلق عینی شاہدین نے بتایا کہ چھاپے کے دوران 20 سالہ نوجوان نوید اکرم نے موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر فائرنگ کر دی۔بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے سب انسپکٹر سجاد بشیر اور اہلکار محمد رضا کو قابو میں لے لیا، تاہم واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں اہلکاروں کو چھڑا کر ساتھ لے گئی، جاں بحق نوجوان کے ورثاء نے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے فوری طور پر نوکری سے برخاست اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ رات جمن شاہ کے چکنمبر 149 سی ٹی ڈی اے میں پیش آیا اور جب یہ واقعہ ڈی پی او حسن جاوید کے نوٹس پر آیا تو ان کے احکامات پر سب انسپکٹر اور رضا کار کو گرفتار کرلیا گیا اور پولیس نے مقتول کے والد محمد اکرم کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں ہے، ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔