لرزہ خیز قتل، نوجوان کی لاش قبرستان سے برآمد
وانا(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) وانا بازار کے قریب اشرف خیل قبرستان میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں پتھروں اور چھریوں کے وار سے بے دردی سے قتل کیے گئے نوجوان احسان ولد رسول خان محسود کی لاش برآمد ہوئی ہے۔لاش کی حالت دیکھ کر علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔مقامی پولیس کے مطابق مقتول احسان محسود انگور اڈہ میں خیبر بینک میں چوکیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکا ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واضح کیا ہے کہ واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم، قتل کی بے رحمانہ نوعیت نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔