کرائمز

اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی /3195 مقدمات درج

لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) پنجاب پولیس کالاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور پولیس صوبائی دارالحکومت میں تین روزہ بسنت کے موقع پر حکومتی ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی پابندی ہر صورت یقینی بنائے گی۔لاہور میں صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو ہی منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے اور بسنت سے متعلق حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور میں بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے جبکہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے پہلے ماہ میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3195 مقدمات درج کیے گئے اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران 2 لاکھ 52 ہزار 701 پتنگیں اور 5 ہزار 503 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1391 مقدمات درج کیے گئے، جن میں ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ 87 ہزار 373 پتنگیں اور 1529 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button