منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون،195 لیٹر دیسی شراب برآمد
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون،195 لیٹر دیسی شراب برآمد
بہاول پور(نامہ نگار) ڈی پی او اسد سرفراز خان کی طرف سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ صدر حاصل پور پولیس نے شراب فروشی کے مرتکب ملزم اختر کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 195 لیٹر دیسی شراب اور 01عدد چالو بھٹی برآمد کرلی۔اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے تھانہ کوتوالی، تھانہ سمہ سٹہ ،تھانہ سٹی یزمان اور تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ پولیس نے 04ملزمان عرفان عرف لاٹو، آس محمد، اشرف جٹ اور کاشف کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 07کلو 650گرام چرس اور 2400گرام بھنگ برآمد کرلی۔ جبکہ اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے تھانہ صدر بہاول پور اور تھانہ خیرپورٹامیوالی پولیس نے 04 ملزمان شاہ نواز، محمد شبیر، اسحاق اور اظہر عرف اظہری کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 03عدد پسٹل 30بور اور 01عدد ریوالور 32بور برآمد کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔اس موقع پر ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ جرم جیسا بھی ہو قانون سے کسی صورت بچ نہیں سکتا، سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جارہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔