علاقائی خبریں

حکومت ہوش کے ناخن لے: امیر بہادر خان ہوتی

لاہور(آئی این پی)لاہور: عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صوبائی جنرل سیکریٹری امیر بہادر خان ہوتی نے پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلباء پر پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن طلباء پر ریاستی طاقت کا استعمال شرمناک اور ناقابلِ برداشت عمل ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ:“پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پرامن طلبہ پر لاٹھی چارج کیا جو صرف اپنے جائز حقوق کے لئے احتجاج کر رہے تھے۔ طلباءکو گھسیٹ کر گرفتار کیا گیا، اور ان کے ساتھ بدزبانی و نسلی تعصب کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ رویہ کسی بھی طرح ایک بڑے تعلیمی ادارے کے شایانِ شان نہیں۔”امیر بہادر خان ہوتی نے کہا کہ پختون طلباءکو ان کی شناخت اور حق کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں نشانہ بنانا افسوسناک اور خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔انہوں نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ فوراً اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرے، ذمہ داران کو کڑی سزا دے، اور طلباء کے ساتھ روا رکھے گئے متعصبانہ سلوک کا نوٹس لے۔صوبائی جنرل سیکریٹری نے واضح کیا کہ، “اگر حکومت اور انتظامیہ نے اپنا رویہ نہ بدلا تو عوامی نیشنل پارٹی طلباءکے ساتھ مل کر ایک بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔”اپنے پیغام میں امیر بہادر خان ہوتی نے پختون طلباءکو یقین دلایا کہ عوامی نیشنل پارٹی پنجاب ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button