لاہور :ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ ٹاؤن نے شہریوں کی تذلیل معمول بنا لیا
لاہور (حامد صدیق انجم) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا محکمہ پولیس کے افسران کا عوام کیساتھ رویہ بہتر کرنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ ٹاؤن انسپکٹر محمد رضا نے آئی جی پنجاب کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے شریف شہریوں کی تذلیل کرنا معمول بنا لیا۔ شریف شہریوں کو تھانے بلا کر انکو خوار کرنا موصوف نے اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں تعینات ایس ایچ او انسپکٹر محمد رضا نے مبینہ طور پر اپنے افسران کے آشیرباد سے شریف شہریوں کی تذلیل کرنا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ کیس کی سنوائی کیلئے آئے شہریوں سے تکبرانا اور غیر مناسب رویہ اختیار کیا جانے لگا ہے۔ بزرگ اور شریف شہریوں کو گھنٹوں دفتر کے باہر کھڑا کر کے انتطار کروایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او محمد رضا کا ماتحت عملہ بھی موصوف کے لہجے اور برتاؤ سے خاصہ پریشان اور تنگ دیکھائی دیتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پنجاب پولیس کو سدھارنے کیلئے دیکھا جانے والا خواب تاحال ادھورا ہے۔ شاہدرہ ٹاؤن کے کاروباری و عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ ٹاؤن محمد رضا کو تبدیل کر کے ایسے آفیسر کو تعینات کیا جائے جو عوام اور خصوصاً بزرگ شہریوں کی عزت و احترام کو ملحوظ خاطر رکھ سکتا ہو۔