لودھراں :بغیر اجازت گھر میں داخل ہونے پر سب انسپکٹر معطل
لودھراں (ساجد حنیف بھٹہ سے ) بغیر اجازت گھر میں داخل ہونے پر شہری کی درخواست پر ڈی پی او ان ایکشن سب انسپکٹر کو معطل کرتے ہوئے ڈی ایس پی کو انکوائری کا حکم دے دیا ۔ تفصیل کے مطابق موضع ڈانوراں کے رہائشی ارشد حسین نے اپنے والد محمد یار ڈانورکے ہمراہ منگل کے روز پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میرے دو بھائی دبئی میں کام کرتے ہیں اور ایک چھوٹا بھائی پنجاب پولیس کا ملازم ہے ۔20_05_2024 کو دن دو بجے پولیس سب انسپکٹر آ صف بھٹہ تین پولیس کانسٹیبلان ،ایک رضا کار اور تین نامعلوم نقاب پوش افراد کے ہمراہ ہمارے گھر میں بغیر سرچ وارنٹ داخل ہو گئے اور کہا کہ ہم اسلحہ کی تلاشی لینے آئے ہیں۔ہم نے کہا کہ ہمارے گھر کوئی اسلحہ نہیں ہے ۔جس پر وہ غصے میں آگیا اور زبردستی گھر میں داخل ہو کر مہمانوں اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے علاوہ توڑ پھوڑ کرتے ہوئے پورے گھر کی تلاشی لینے کے بعد جب اسلحہ برآمد نہ ہوا تو جاتے ہوئے میرے گھر سے 15ہزار روپے نقدی اٹھا کر لے گئے ۔ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں ۔جس پر ہم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں کو درخوست گزاری تو انھوں نے فوری انصاف فراہم کرتے ہو ئے سب انسپکٹر آصف بھٹہ کو معطل کرتے ہوئے ڈی ایس پی کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے جس پر میں اور میرے اہل خانہ ڈی پی او کے مشکور ہیں اور ڈی ایس پی صدر سرکل مہر اسحاق سیال سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ بھی ہمیں انصاف دلائیں گے۔