عابد مجید کاحامد الرحمن کے ہمراہ سنٹرل جیل مردان کا دورہ
مردان(فلک شیر سے )ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا عابد مجید نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف جیل خانہ جات حامد الرحمن کے ہمراہ سنٹرل جیل مردان کا دورہ کیا۔ جیل پہنچنے پر جیل پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی پیش کی۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل مردان نجم عباسی اور اُن کی ٹیم نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو جیل کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ جیل انتظامیہ کے پریس ریلیز کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے جیل کے اندر مختلف شعبوں بشمول انڈسٹریل یونٹ (ماربل، سرف فیکٹری) اور ورچوئل کورٹس کا تفصیلی معائنہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انکی اصلاح کے لئے جاری عملی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو کارخانے میں کام کرنے والے قیدیوں کو گرمی اور سردی کے موسم سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ مزید برآں انہوں نے قیدیوں کو انکی اجرت انکے بینک اکا ؤنٹس میں شفاف طریقے سے منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ جیل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مردان جیل میں قیدیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود اسے بہت منظم طریقے سے چلایا جا رہا ہے اور ایک حساس جیل ہونے کی وجہ سے انہوں نے یہاں نظم و ضبط برقرا ر رکھنے کے مزید تندہی سے کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل مردان نجم عباسی نے معزز مہمانوں کو فیکٹری میں تیار کردہ مصنوعات بھی پیش کیں۔