شہریوں کا حکومت وقت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی)ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی کی نئی لہر نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ٹرانسپورٹ کرایوں کے ساتھ ساتھ روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے آٹا، سبزیاں، دالیں، گھی، دودھ اور گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہر ماہ پٹرول ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں، جس کا براہِ راست اثر اشیائے خوردونوش پر پڑ رہا ہے۔ کئی علاقوں میں تو سبزیاں بھی عام طبقے کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف روزمرہ اشیاء مہنگی ہو گئی ہیں، بلکہ ٹرانسپورٹ کے کرائے، یوٹیلیٹی بلز اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی فیسیں بھی بڑھ گئی ہیں تنخواہیں وہی کی وہی ہیں، مگر مہینے کے پہلے ہفتے میں ہی جیب خالی ہو جاتی ہے تاجروں اور دکانداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خریداروں کی قوتِ خرید میں کمی کی وجہ سے کاروبار میں نمایاں کمی آئی ہے۔ گاہک قیمت سن کر واپس چلے جاتے ہیں، کیونکہ وہ پہلے ہی بجلی، گیس اور دیگر بلوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں عوامی وسماجی حلقوں سول سوسائٹی کے لوگوں تاجروں اور شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے عوام کو ریلیف دینے کے لیے سبسڈی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو مہنگائی کا طوفان عوام کو مزید غربت اور مایوسی کی دلدل میں دھکیل سکتا ہے۔