
عبدالرشید بھٹی کا رحمانی انجمن تاجران کے اعزاز میں شاندار عشائیہ
لاہور (نامہ نگار) جناب بابا عبدالرشید بھٹی سابقہ ایم پی اے اور احمر رشید بھٹی ایم پی اے حلقہ پی پی 165 کی جانب سے گزشتہ روز اپنے نجی فارم ہاؤس پر رحمانی انجمن تاجران کے اعزاز میں شاندار عشائیہ دیا گیا جس میں تاجر برادری کی سرکردہ شخصیات، تنظیمی نمائندگان اور علاقے کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پرجوش ماحول میں باہمی گفتگو اور مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عشائیے کا مقصد نہ صرف تاجر برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا بلکہ آئندہ کے لئے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے لئے عملی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔خطاب کرتے ہوئے بابا عبدالرشید بھٹی نے کہا کہ تاجر معاشی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت اور نمائندہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے گا اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی وہ تاجروں کی آواز بلند کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی احمر رشید بھٹی ایم پی اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ رحمانی انجمن تاجران علاقے کی ایک فعال اور نمائندہ تنظیم ہے جس نے ہمیشہ تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے عملی جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر صرف کاروباری طبقہ ہی نہیں بلکہ عام شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کا بھی اہم ذریعہ ہیں، لہٰذا ان کے مسائل حل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے انجمن تاجران کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ وہ اسمبلی کے فلور پر ان کے مسائل پیش کریں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔اس موقع پر انجمن تاجران کے رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل میں ٹیکسوں کا بوجھ، مہنگائی، سکیورٹی اور بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ تاجروں کو سہولتیں دے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بہتر ہوں اور معیشت کو استحکام ملے۔ رہنماؤں نے بابا عبدالرشید بھٹی اور احمر رشید بھٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تاجر برادری کو اعتماد میں لیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا وعدہ کیا۔تقریب میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور فیصلہ کیا گیا کہ تاجر تنظیمیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے اپنے مسائل کے حل کے لئے ایک آواز بنیں گی۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ اتحاد اور تعاون ہی تاجروں کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ عشائیے کے اختتام پر شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک و قوم کو خوشحالی اور امن و سکون عطا فرمائے اور تاجروں کو ان کے جائز حقوق دلائے۔