کورنگی :پانی کی قلت پر شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ، مین شاہراہ بلاک کردی
کراچی (شفقت خان )کراچی کے علاقہ کورنگی میں پانی کی شدید قلت کے باعث شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔نمائندہ کرائمز پوائنٹ کورنگی کے مطابق کورنگی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو کئی دنوں سے پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پانی کی عدم دستیابی نے لوگوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث انہیں روزمرہ کے کاموں میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔احتجاجی مظاہرہ کورنگی کی مرکزی شاہراہ پر ہوا، جہاں شہریوں نے نعرے بازی کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پانی کی فراہمی کے حق میں مطالبات درج تھے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور پانی کی قلت کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔ احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی، مگر مظاہرین پر امن رہے اور احتجاج ختم ہونے کے بعد منتشر ہو گئے۔