پی ٹی آئی جلسہ ، لاہور کنٹینرستان بنا دیا گیا ، شہری پھٹ پڑے
لاہور(آئی این پی )لاہور پھر کنٹینرستان میں تبدیل، شہریوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامناحکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لاہور میں جلسے کی اجازت ملنے کے باوجود شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ مختلف شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ کی سرگرمیوں میں شدید رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اسپتال جانے والے مریض اور ان کے لواحقین بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔شہری حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہونے سے عوام کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا، جبکہ مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں دشواری کا سامنا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے جلسے کی اجازت دے دی تھی، تو پھر شہر کو کنٹینر لگا کر کیوں بند کیا جا رہا ہے؟ لوگوں کو بلاوجہ تکالیف میں مبتلا کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا، "یہ حکومتی ہٹ دھرمی ہے۔ ہم روزگار پر نہیں جا پا رہے، بچوں کو اسکول چھوڑنے میں مشکلات ہیں اور بیمار افراد کی حالت اور بگڑ رہی ہے۔” دوسری جانب، مریضوں اور ایمرجنسی سروسز کے لیے اسپتالوں تک رسائی بھی ناممکن ہو گئی ہے۔سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام ایک سیاسی چال ہے جس کا مقصد پی ٹی آئی کے جلسے میں رکاوٹ ڈالنا ہے، مگر اس سے سب سے زیادہ نقصان عام عوام کو ہو رہا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر کنٹینرز ہٹا کر شہری زندگی کو معمول پر لائے اور سیاسی معاملات میں عوام کو یرغمال نہ بنایا جائے۔