معمولی تلخ کلامی، باپ نے فائرنگ کر کے بیٹے اوربہو کو قتل کر دیا
چوک سرور شہید (ڈسٹرکٹ رپورٹر) معمولی تلخ کلامی ، باپ نے 12 بور بندوق سے فائر نگ کرکے سگے بیٹے اور بہو کو گولیوں سےبھون دیا ۔ دونوں موقع پر جاں بحق ، تفصیل کے مطابق چوک سرور شہید کے محلہ شہزاد کالونی ملتان روڈ کے رہائشی غلام شبیر کا اپنے پسر حقیقی عابد حسین سے مبینہ کسی معمولی بات پر جھگڑ ہوگیا ۔ جس پر باپ غلام شبیر نے 12 بور بندو ق اٹھالی اور اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنے ہی حقیقی بیٹے عابد حسین اور اپنی بہو یعنی عابد حسین کی بیوی نسرین بی بی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ اہل علاقہ کے مطابق جب نمازی ظہر کی نماز پڑھ کر محلہ کی مسجد سے باہر نکل رہے تھے تو غلام شبیر 12 بور بندوق لیکر آیا اس نے بیٹے پر بندوق تانی ا ہل علاقہ نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے للکارا کہ سب پیچھے ہٹ جاؤ ورنہ سب کو مار دونگا ۔ بیٹا جان بچانے کے لئے بھاگا تو اس نے بھاگتے بیٹے پر فائرنگ کرکے قتل کیا بیٹے کو قتل کرنے کے بعد گھر میں جاکر اسکی بیوی نسرین بی بی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردی جبکہ مقتولین کے چار بچوں نے کمرے میں چھپ کر جان بچائی اہل علاقہ کی نشاندہی پر پولیس نے فائرنگ کرکے بھاگتے ہوئے ملزم غلام شبیر کو پکڑ کر آلہ قتل بھی برآمد کرلیا دوہرے قتل سےعلاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا پولیس تھانہ سٹی چوک سرورشہید نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ریسکیو 1122نے نعشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید منتقل کردیا پولیس تھانہ سرورشہید نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ مقتول میاں بیوی کے چاربچے تھے ۔