لاہور،علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی
لاہور (آئی این پی) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی کے بعد ریسکیو آپریشن کے ذریعے آگ پر قابو پالیا گیا۔ریسکیو 1122کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ریسکیو 1122کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ کارگو ایریا میں لگی جس کے باعث وہاں ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی ایمرجنسی وہیکلز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جہاں ریسکیو اہلکاروں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ ابتدائی طور پر ریسکیو کی 8گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے اور کسی ممکنہ نقصان کو روکا جا سکے۔حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن کے وران صورتحال کی مسلسل نگرانی کی گئی۔دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بروقت کارروائی سے آگ بجھا دی گئی ہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کا واقعہ آپرن ایریا سے ایک کلومیٹر دور پیش آیا۔بیان کے مطابق پی آئی اے اور مینزیز شیڈز کو احتیاط کورڈن کیا گیا ہے۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں ریسکیو 1122اور پاک فضائیہ کی گاڑیاں بھی شامل ہوئیں جب کہ ایئرپورٹ منیجر، سی او او اور دیگر افسران موقع پر موجود رہے۔ اس دوران ایئرپورٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔