علاقائی خبریں

صوبائی دارالحکومت لاہور کوسمارٹ سٹی بنانے کی سمری منظوری کے مراحل میں ہے‘ اقرار حسین قریشی

لاہور( آئی این پی)ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ( ٹیپا)کے چیف اقرار حسین قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت اورنگرانی میں صوبائی دارالحکومت لاہور عنقریب سمارٹ سٹی بننے والا ہے جس کے لیے سمری منظوری کے مراحل میں ہے، منصوبے کے تحت سارے لاہور کی چھوٹی ،بڑی شاہراہوں ، اورچھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کو ایک ہی سطح پر کر دیا جائے گا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹروبس ،الیکٹرک بسوں کے بعد پرپل ،بلیولائن پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے تیار ہیں ۔ منصوبے کے تحت سارے شہر کا ڈیٹا ایک کلک پر موجود ہوگا اورکہیں بھی کسی بھی سٹرک پر گڑھا پڑنے پر چند منٹوں میں اسے بھر دیا جائے گا جس کے لیے باضابطہ شکایات سیل بنایا جا رہا ہے اور اس تناظر میں آنے والی فون کال پر فوری رسپانس دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے ٹریفک نظام اور ٹریفک کے بہاﺅکو کنٹرول کرنے کے لیے بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے،سمری منظور ہوتے ہی ٹیپا کنٹرولر ایجنسی کا کنٹرول سنبھال لے گا۔گلبرگ میں پائلٹ پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی لاہور کے تمام پراجیکٹ ایسے بنائے جا رہے ہیں جن کی مینٹینس نہ کرنا پڑے اورآپریشنل اخراجات نہ ہوں،مین پاور بھی نہ لگے اور اخراجات کم سے کم ہوں۔ اقرار حسین قریشی نے مزید بتایا کہ انہوں نے اورنج ٹرین،میٹرو بس،آزادی چوک فلائی اوور سمیت کئی منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیںاور کئی علاقوں کی سڑکوں کوسگنل فری بنایا اور بنا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل رائیڈر زکے لیے بھی منصوبے تیار کر رہے ہیں،جہاں ٹریفک کا بہاو زیادہ ہے وہاں سگنلز کا ٹائم بڑھا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لاہور کے ٹریفک نظام کو سگنلائز ہونا چاہیے ،بہت جلد ٹریفک نظام کے بڑے بڑے چیلنجز ایک کل کے ساتھ حل ہوں گے،لاہور سمارٹ سٹی پاکستان کے لیے اعزاز ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button