پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،7ہزار 650لیٹر جعلی مضر صحت دودھ تلف
لاہور (آئی این پی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور زون میں بڑا کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 7ہزار 650لیٹر جعلی مضر صحت دودھ تلف کر دیا ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 920فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 4مقدمات درج، 9لاکھ 68ہزار 500کے جرمانے عائد، 1ملزم گرفتار کروایا اور 4لاکھ 32ہزار لیٹردودھ کی چیکنگ،7ہزار 650لیٹر جعلی مضر صحت دودھ تلف کیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ اعوان ٹاﺅن میں واقع آئل گودام سے 2ہزار کٹر ناقص آئل برآمد کر کے تلف کیا گیا، مضر صحت آئل برآمد ہونے پر گودام مالک کیخلاف مقدمہ درج، موقع سے گرفتار کروا دیا گیا، کاہنہ میں ناکہ بندی کے دوران سپلائر گاڑی میں موجود جعلی دودھ تلف، مقدمہ درج کروا دیا گیا، فوڈ پوائنٹس میں ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔ انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز عدم موجود پائے گئے۔ فنگس زدہ فریزر، ٹوٹے گندے فرش پر اشیا خورونوش تیار کی جا رہی تھیں۔ گوشت کو دھونے کے لیے گندے، ناقص پانی کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ عاصم جاوید نے کہاکہ خوراک کی تیاری میں ناقص اجزا کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے ، خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی طرز کے مطابق لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ خوراک میں جعلسازی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔