مانگا منڈی ، مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت ، قبضہ مافیا کا راج
مانگا منڈی (آئی این پی ) مانگا منڈی میں مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے انکروچمنٹ کا مسئلہ۔ بازاروں ، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ مافیا نے جگہ جگہ تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس کے باعث شہریوں کا پیدل گزرنا بھی محال ہو گیا ہے مین چوک ، شاہراہیں اور بازار تجاوزات کی زد میں ہیں دوکانداروں نے اپنی دوکانوں کے آگے سڑکوں تک سامان رکھ کر راستے بند کر دیے ہیں رہتی سہتی کسر ریڑھی بانوں نے سڑک کے درمیان تک ریڑھیاں کھڑی کر کے نکال رکھی ہے فوڈ پوائنٹس کے آگے غیر قانونی پارکنگ نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے عارضی تعمیرات، ٹھیلوں اور چھاپڑی فروشوں نے بھی عوامی راستوں کو ناقابلِ استعمال بنا دیا ہے روزانہ کی بنیاد پر گھنٹوں ٹریفک جام نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال رکھا ہے خاص طور پر خواتین، بچے، بزرگ اور معذور افراد کے لئے سڑکوں پر چلنا خطرناک ہو چکا ہے مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے میں کوئی بھی اقدام نہیں کیا جا رہا اکثر جگہوں پر انکروچمنٹ مافیا کی سرگرمیاں مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے چل رہی ہیں حکومتی ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ایک مقامی تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دوکاندار اور ریڑھی بان مبینہ طور پر انتظامیہ کو ماہانہ بھاری رشوت دے کر اپنے غیر قانونی کام جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ جب تک حکومتی افسران کی ملی بھگت ختم نہیں کی جاتی یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا اعلیٰ حکام فوری طور پر انکروچمنٹ کے خلاف کاروائی کریں اور مقامی انتظامیہ میں موجود کرپٹ عناصر کا محاسبہ کیا جائے شہریوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔