بابا بلھے شاہ ہسپتال سے موٹرسائکلیں چرانے والا ملزم گرفتار
قصور(میاں خلیل صدیق آرائیں سے)قصور بابا بلھے شاہ ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین اور سٹاف کی موٹر سائیکل چوری کرنے والا ملزم پکڑا گیا۔پندرہ سے زائد موٹر سائیکل چوری کرنے کا اعتراف۔بلھےشاہ ہسپتال قصور میں سرکاری سامان، مریضوں کے لواحقین اور سٹاف کی موٹر سائیکلز چوری کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ جبکہ چند روز پہلے ایک ڈاکٹر کی موٹر سائیکل بھی ہسپتال سے چوری کر لی گئی۔ واقعات کی روک تھام اور چور کی تلاش میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور ہسپتال انتظامیہ کافی دنوں سے متحرک تھی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نہ صرف چور کا سراغ لگایا گیا بلکہ اس کو گرفتار کروا کر مزید تفتیش کے لئیے پولیس کے حوالہ بھی کر دیا گیا ہے۔ ملزم نے پندرہ سے زائد موٹرسائیکل چوری کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پولیس مقدمہ کا اندراج کر کے مزید کاروائی میں مصروف ہے۔حیرت کی بات یہ کہ مریضوں کے لواحقین سے پرچی فیس کی مد میں اوورچارجنگ کرنے، بدتمیزی اور لڑائی جھگڑے کرنے والے پارکنگ مافیا نے نہ ہی چور کو گیٹ پر روکا، نہ پرچی طلب کی، اور نہ ہی پرچی کی فیس۔ جیسا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ہسپتال میں چوری کی بڑھتی وارداتوں کے پیش نظر وائے ڈی اے کے مطالبہ اور احتجاج پر ہسپتال کے تمام سی سی ٹی وی کیمرے فعال کر دئیے گئے ہیں۔مریضوں، ان کےلواحقین اور ڈیوٹی سٹاف کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور ہسپتال جیسی حساس جگہ پر وارداتوں میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔