کرائمز

پلاٹ تنازعہ،سماجی و سیاسی شخصیت حاجی لطیف مہر قتل

مریدکے(آئی این پی) تھانہ سٹی کے علاقہ ٹاؤن مریدکے میں پلاٹ کے تنازعہ پر بات چیت کے دوران مسلح شخص کی آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ کی معروف سماجی اور سیاسی شخصیت حاجی لطیف مہر اور ان کا پوتا قتل جبکہ ان کا بیٹا سابق نائب ناظم تنویر مہر شدید زخمی ہو گیا جسے میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ مقتولین کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حاجی لطیف مہر گروپ کا رانا چن نامی نوجوان کے ساتھ 13مرلہ پلاٹ کا تنازعہ تھا۔ وقوعہ کے روز رانا چن کے بھائی میر حسین نے حاجی لطیف مہر کے ڈیرہ پر پہنچ کر متنازعہ پلاٹ کے معاملے میں مذاکرات کئے اور تنازعہ حل ہونے پر اپنے بھائی چن کو بذریعہ فون کال وہاں پر بلا لیا۔ دوبارہ بات چیت کے دوران ملزم چن کی حاجی لطیف کے جواں سال پوتے کے ساتھ معمولی تلخ کلائی ہو گئی جس پر ملزم نے اچانک آتشیں اسلحہ نکال کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے حاجی لطیف مہر اور ان کا جواں سالہ پوتا عبید اللہ موقع پر جاں بحق جبکہ حاجی لطیف کا بیٹا سابق نائب ناظم محمد تنویر مہر شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طورپر تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈی ایس پی سرکل مریدکے نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر جائے واردات سے شواہد اکٹھے کئے اور نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرزہسپتال مریدکے منتقل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ حاجی لطیف مہر کے قتل کی خبر شہر بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور مقامی سرکاری ہسپتال شہریوں سے بھر گیا۔ حاجی لطیف مہر کے ساتھ قتل ہونے والے پوتے عبید اللہ کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button