سیاسی مخالفت کی بنیاد پر عدالتوں سے سزائیں انتہائی غیر دانشمندانہ فعل ہے‘ امانت علی زیب
لاہور( آئی این پی)پاکستان فلاح پارٹی کے سابق چیئر مین اور مصطفائی تحریک پاکستان کے سیاسی امور کے نگران امانت علی زیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف نا پید ہو گیا ہے ، تحریک پاکستان میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے محدث اعظم پاکستان کے پوتے کو جعلی مقدمے میں محظ سیاسی مخالفت کی بنیاد پر 10 سال قید کی سزا نے پاکستان سے محبت کرنے والوں کو مایوس کر دیا ہے ۔ امانت زیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا ایک محب وطن اور تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والے خانوادہ کے چشم و چراغ ہیں ، ایک جعلی اور من گھڑت مقدمے میں ان کو سزا دینا انصاف کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ سمیت تمام ادارے اپنی وقعت کھو چکے ہیں آج پاکستانی عوام پاکستان کے کسی ادارے پر یقین نہیں رکھتی ملک میں آئین اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں ،تمام فیصلے بند کمروں میں ہو رہے ہیں ، پارلیمنٹ محض ربڑ سٹیمپ اور حکومت کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہے، سیاستدانوں کو سیاسی مخالفت کی بنیاد پر عدالتوں سے سزائیں انتہائی غیر دانشمندانہ فعل ہے جس کا خمیازہ آج کی حکمران پارٹیوں کو بھگتنا ہو گا ۔امانت زیب نے کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی بحال کیے بغیر پاکستان کی بقاءنا ممکن ہے ۔ حکومت تمام ممبران پارلیمنٹ کے خلاف مقدمات واپس لے اور عدلیہ سزاﺅں کے فیصلے معطل کرے ورنہ پاکستان شدید مشکلات کا شکار ہو جائے گا۔