مہنگائی پرقابو پانےکیلیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی کارکردگی بہتر بنائیں
لودھراں (محمد اعجاز انصاری) ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے کہا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول اقدامات کے تحت ضلعی انتظامیہ کا ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث 130 گراں فروشوں کو گرفتار جبکہ ایک کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اب تک 5636 معائنہ جات کر کے 3475 خلاف ورزیوں پر 564 گراں فروشوں کو 16 لاکھ 93 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی او انڈسٹری عبدالرؤف اور پرائس مجسٹریٹس شریک ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے مزید کہا کہ مہنگے داموں اشیاء ضروریہ فروخت کرنے والوں کا سدباب کیا جائے اور ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور بھاری جرمانے عائد کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں سے ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس معائنہ جات کے دائرہ کار کو بڑھائیں اور عادی ناجائز منافع خوروں پر بھاری جرمانے عائد کریں اور ان کو جیل بھجوایں ۔