بجلی چوری اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کے خلاف رکھ جھوک میں بڑا آپریشن
چونیاں(محمدشہزادمغل) لیسکو ٹیم کا بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن، الیون کے وی کی تاریں اتار دی گئیں، بجلی چوری اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کے خلاف رکھ جھوک میں بڑا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران الیون کے وی کی تاریں اتار لی گئیں، جبکہ دو افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ڈی او سٹی امجد اقبال کے مطابق رکھ جھوک کے مکین ایک طویل عرصے سے بجلی چوری میں ملوث ہیں۔ متعدد بار ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور مقدمات بھی درج کیے گئے، لیکن بجلی چوری کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جنہوں نے بجلی میٹر نصب کروا رکھے ہیں لیکن بل ادا نہیں کرتے، جس کی وجہ سے لاکھوں روپے بقایاجات لیسکو کے ذمہ ہیں۔ آپریشن ایکسیئن فیضان قادر ملک کی ہدایت پر کیا گیا، جس میں پاکستان رینجرز اور پولیس نے بھرپور معاونت فراہم کی۔ ایس ڈی او کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔