دہشت گردوں کی فائرنگ، ایف سی نائب صوبیدار شہید
کوہاٹ (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ضلع ہنگو کی سرحد پر واقع قبائلی اورکزئی کے علاقے سمانہ متا سنگر فوجی قلعہ پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فیڈرل کنسٹیبلری (ایف سی)کے نائب صوبیدار رحمت اللہ شہادت کے مرتبہ پر فائز ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اپر اورکزئی کی تحصیل اسماعیل زئی کے علاقہ قوم رابیعہ خیل متا سنگر پوسٹ کے قریب پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے سنائپر فائر سے ایف سی پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار رحمت اللہ کے بائیں جانب سینے پر گولی لگی۔ زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ایف سی جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔