140 گرجا گھروں پر 335 سے زائد پولیس اہلکار تعینات
چیچہ وطنی(عبدالجبار رحمانی )ضلع بھر میں چرچز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، 140 گرجا گھروں پر 335 سے زائد پولیس اہلکار تعینات۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ساہیوال رانا طاہررحمن خان کی ہدایت پر اتوار کے روز ضلع بھر میں مسیحی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے جامع اقدامات کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ساہیوال پولیس ہائی الرٹ رہی اور تمام چرچز کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا۔ ضلع بھر کے 140 چرچز پر 335 سے زائد افسران و جوانوں نے سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ عبادات میں شرکت کے لیے آنے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی جبکہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمرے مکمل فعال رکھے گئے۔ چرچز کے اطراف پارکنگ ایریاز کو مناسب فاصلے پر مختص کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار تعینات کی گئی۔ تمام متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی حدود میں سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور الرٹ رہتے ہوئے کوئی بھی مشکوک سرگرمی فوری رپورٹ کریں۔ ڈی پی او ساہیوال رانا طاہررحمن خان نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی