انتظامیہ کی نااہلی کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے
گوجرانوالہ (عبدالغفار رانا سے ) شہر کے پوش علاقوں، جن میں گھوڑے شاہ بازار، کلر آبادی ، محلہ رمضان پورہ اور یونین کونسل جن میں 36. 37. 38. 39. اور یوسی 47 شامل ہیں، میں صفائی کی صورتحال بدترین ہو گئی ہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اہلکاروں کی غفلت اور نااہلی کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جس سے نہ صرف بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی، لیکن کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں ہوئی۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے فوری نوٹس لینے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گندگی کے ان ڈھیروں سے نہ صرف صحت عامہ کو خطرہ لاحق ہے بلکہ علاقے کا جمالیاتی حسن بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ اس صورتحال میں متعلقہ اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔