پنشن اصلاحات کے نام ملازمین کی حق تلفی ظلم ہے:فرمان عباسی
لاہور ( عبدالرزاق باجوہ ) پنشن اصلاحات کے نام ملازمین کی حق تلفی ظلم ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل تنظیم اساتذہ پاکستان فرمان علی عباسی نے صوبہ پنجاب کی صوبائی مجلسِ انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملازم جو اپنی پوری زندگی اور جوانی اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں گزارتا ہے اور بڑھاپے میں اس کا واحد سہارا یہ پنشن ہوتی ہے اور یہ پنجاب حکومت اس کے بھی درپے ہے۔ ایک طرف سپیکر، وزراء، مشیروں اور ممبران اسمبلی کی تنخواہوں میں لاکھوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف سرکاری ملازمین کو آخری عمر میں فاقہ کشی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ صدر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر حافظ ضیاء الرحمٰن ضیاء نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے۔ انہوں نے کہا تعلیم اور صحت کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے حکومت روگردانی نہیں کر سکتی۔ سیکرٹری صوبہ پنجاب ڈاکٹر عبدالرزاق خان نیازی نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور سہولیات کی کمی دور کرے تاکہ غریب عوام کے بچے معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔ اس موقع مرکزی سیکرٹری مالیات مصباح الاسلام عابد، مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت فیاض احمد کاکا خیل، نائب صدر صوبہ پنجاب پروفیسر اظہر تسنیم چیمہ، صوبائی سیکرٹری نشرواشاعت عبدالرزاق باجوہ، مرکزی معاون نشرواشاعت محمد رمضان ظفر سیال ودیگر نے بھی خطاب کیا. اجلاس میں مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت پروفیسر فیاض احمد کا کا خیل، پنجاب بھر کے ضلعی صدور ،نگران ڈویژن،نگران شعبہ جات اور ممبران صوبائی انتظامیہ موجود تھے.