علاقائی خبریں

کسانوں کو درپیش مسائل کا حل معیاری زرعی تحقیق سے ہی ممکن ہے‘سید عاشق حسین کرمانی

لاہور (آئی این پی)زراعت کا مستقبل کپاس، گندم اور ہائی ویلیو ایگریکلچر خصوصاً تیلدار اجناس اور سبزیات و پھلوں کی زیادہ پیداوار سے منسلک ہے۔ زرعی سائنسدا ن موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایسی قوتِ مدافعت والی نئی اقسام کی دریافت پر توجہ دیں جن سے پیداوار میں اضافہ ہو سکے اور ملکی درآمدی بل میں کمی لائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے 51 ویں پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی رانا سلیم، ذکیہ خان، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے شرکت کی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود نے صوبائی وزیر زراعت کو ادارہ کی نمایاں کامیابیوں،سرگرمیوں اور اجلاس کے ایجنڈہ بارے بریف کیا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے نئے ایگزیکٹو ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی جس میں ایگزیکٹو ممبر ایڈمن اینڈ فنانس،مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن اور کوآرڈینشن شامل ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ کے ممبران و عملے کی تنخواہوں پر نظرِ ثانی اور نئے مجوزہ پیکج کی منظوری دی۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی تحقیق کو عملی میدان میں لانے کیلئے پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کا کردار کلیدی ہے۔حکومت پنجاب سائنسی بنیادوں پر زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ نئے ممبران کی بورڈ میں شمولیت سے اس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر زراعت نے زرعی تحقیق کو کسانوں کے براہ راست فائدے کیلئے نتیجہ خیز بنانے پر زور دیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ پارب کا مقصد زرعی ریسرچ کو فروغ دینا ہے۔پارب کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس کے بنیادی ڈھانچہ کی تجدیدِ نو کی گئی ہے۔پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کی اہم آسامیوں پر بھرتی کاعمل مکمل کیا گیا ہے تاکہ اس اہم ادارے کی زرعی تحقیق بارے صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں، فنانس،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اورجنگلات و جنگی حیات کے نمائندگان،کسان تنظیموں کے سربراہان بشمول خالد کھوکھر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button