منڈی بہاءالدین،ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے متحرک
منڈی بہاءالدین،( عرفان وڑائچ ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے متحرک، پاکستان انڈر 16فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کیلئے فائنل ٹرائلز تحصیل ملکوال، پھالیہ اور تحصیل منڈی کے درمیان قائداعظم گراﺅنڈ میں منعقد ہوئے اور افسران کی زیرنگرانی میرٹ پر کھلاڑیوں کی سلیکشن کی گئی۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ریٹائرڈ لیفٹیننٹ محمد احمد ظہیر اور میجر محمد حارث تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں آرمی آفیسر و فوکل پرسن لیفٹیننٹ حسان خان کودھی، آرمی ہیڈ کوچ محمد تنویر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ماجد حسین اور تحصیل سپورٹس آفیسر تھے۔ فائنل میچ تحصیل منڈی بہاء الدین اور ملکوال کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو کہ منڈی بہاءالدین کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ جیتنے والی منڈی بہاءالدین کی ٹیم کو تین لاکھ روپے کیش پرائز جبکہ رنر اپ ملکوال کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمد ظہیر اور میجر محمد حارث کا کھیلوں کی اہمیت اور کھلاڑیوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈر 16 فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم قدم ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملا۔ اچھی کارکردگی دکھانے والے یہ نوجوان آنے والے وقت میں قومی ٹیم کا حصہ بن کر ملک و قوم کا دنیا میں سر فخر سے بلند کریں گے۔