علاقائی خبریں

ننکانہ صاحب : تمام جلوس پرامن طور پر اختتام پزیز ہو چکے

ننکانہ صاحب( رانا عرفان)الحمدللہ! ضلع ننکانہ صاحب میں محرم الحرام کے تمام جلوس بخیر و عافیت، اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے، پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو چکے ہیں۔یہ مثالی انتظام و انصرام، ضلع ننکانہ صاحب کی ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بانیانِ جلوس کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ امن و امان کی فضاء کو قائم رکھنے کے لیے جس جانفشانی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا، وہ لائقِ تحسین ہے۔خصوصی طور پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ننکانہ صاحب کی شبانہ روز محنت، فعال قیادت اور بہترین حکمت عملی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی سرپرستی میں تمام اداروں نے مربوط انداز سے کام کیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔اسی طرح تمام متعلقہ محکموں خصوصاً پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، سول ڈیفنس، امن کمیٹی اور دیگر اداروں کی خدمات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنہوں نے دن رات محنت کر کے اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کیے۔ہم بانیانِ جلوس، لائسنس داران، عزادارانِ امام حسین علیہ السلام اور انتظامیہ کمیٹیوں کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے امن و نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے ان مذہبی رسومات کو بخوبی پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، برداشت اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں اخوت، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو امام حسین علیہ السلام کے مشنِ حق، صبر اور قربانی کے فلسفے کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button