ڈپٹی کمشنرکے زیرصدارت ضلعی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کےجائزہ اجلاس کاانعقاد
لودھراں(محمد اعجاز انصاری) ڈپٹی کمشنرلودھراں عبدالرؤف مہر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد ۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کے تحت 22 عمارات کو سربمہر اور 32 ایف آئی آرز کا اندراج عمل میں لایا گیا ہے جبکہ انسدادِ ڈینگی اقدامات کے تحت 1080 انتباہی نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اجلاس میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ لودھراں کے باشعور شہری احتیاطی تدابیر اپنا کر ڈینگی سے بچاؤ کےحکومتی اقدمات کو کامیاب بنائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 2328 ہاٹ سپاٹس کی ویکٹر سرویلینس کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں رواں سال کے دوران ویکٹر سرویلینس کرتے ہوئے 107 لاروا تلاش کرکے تلف کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 279 ان ڈور اور 73 آؤٹ ڈور ٹیمیں انسداد ڈینگی اقدامات اور ویکٹرسرویلینس کیلئے تعینات کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی مانیٹرنگ کیلئے تحصیل لودھراں میں 93 ان ڈور، 28 آؤٹ ڈور، تحصیل کہروڑپکا میں 85 ان ڈور، 23 آؤٹ ڈور جبکہ تحصیل دنیاپور میں 101 ان ڈور اور 22 آؤٹ ڈور ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں ۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی ، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیصل وحید، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر و فوکل پرسن ڈینگی ڈاکٹر ریاض حسین سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے ۔ ڈپٹی کمشنرعبدالرؤف مہر نے کہا کہ ڈینگی کی مکمل اور موثر روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کو مل کر باہمی حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری اپنے گھروں میں انسداد ڈینگی اقدامات کو خصوصی طور پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا شہری مچھروں سے بچاؤ کیلئے گھروں کے در دروازوں ، کھڑکیوں اور روشن دانوں پر حفاظتی جالیاں لگوائیں اور گھروں میں پانی کو کھڑا نہ ہونے دیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی وباء سے نمٹنے کیلئے ہرمحکمہ طے کردہ طریقہ کار پر سختی سےعملدرآمد کرے ۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے انسداد ڈینگی بارے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔